نئی دہلی،24/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کشمیر کے مسئلے پر ہندوستان اور پاکستان میں چل رہی بحث کے درمیان پاکستان کی وزارت خارجہ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مسئلہ اٹھایا ہے۔بدھ کو پاکستانی وزارت خارجہ نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا۔پاکستان کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ ہندوستان مسلسل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔اسی مسئلے کولے کرپاکستان میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورر آہلووالیہ کو طلب کیا گیا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک پریس ریلیزجاری کی ہے جس میں اس نے الزام لگایا ہے کہ 22 اور 23 جولائی کوہندوستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، جس میں پاکستان کی جانب کافی نقصان ہوا ہے۔اتنا ہی نہیں پاکستان کا دعویٰ ہے کہ ہندوستان کی جانب سے فائرنگ میں ایک 12 سال کے بچے کی موت ہو گئی ہے، جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔